میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی سے مینڈیٹ لینے والوں نے عوام کا استحصال کیا، حافظ نعیم الرحمن

کراچی سے مینڈیٹ لینے والوں نے عوام کا استحصال کیا، حافظ نعیم الرحمن

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱ فروری ۲۰۲۴

شیئر کریں

جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن جرمن اسکول گراؤنڈ میں مفت آئی ٹی کورسز کے لیے بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں اورنگی کے ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ’’اٹھو نوجوانوں، بد لواورنگی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ و طالبات کو ویب ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائنگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کورس مفت کرائے جائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی و امیدوار این اے 246اونگی ٹاؤن حافظ نعیم الرحمن نے بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ہزاروں طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروارہی ہے،حکومت میں آئیں گے تو سندھ کے اربوں روپے کے تعلیمی بجٹ کو کرپشن اور لوٹ مار کے بجائے تعلیم اور تعلیمی اداروں پر خرچ کریں گے۔ سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرکے انہیں ماڈل اسکول بنائیں گے، کراچی سے مینڈیٹ لینے والوں نے کراچی کے عوام کا استحصال کیا، اورنگی ٹاؤن میں خندقیں کھودیں اور لوگوں کو آپس میں لڑوایا، آئی ٹی منسٹر نے آئی ٹی کی تعلیم کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی حکومت میں آکر اورنگی ٹاؤن کے عوام کے مسائل حل کروائے گی اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کی جدو جہد کرے گی۔جماعت اسلامی نے نوجوانوں اور بچوں کا ہاتھ تھام لیا ہے، اب اورنگی کے بچے بھی آگے بڑھیں گے، ٹیسٹ میں ہزاروں بچوں اور بچیوں کی شرکت ثبوت ہے کہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ موجود ہے اور یہ بچے ہی ملک اور قوم کا مستقبل ہیں، ہم بنو قابل پروگرام کے تحت خواتین کے لیے بھی کورسز شروع کر رہے ہیں۔ آئی ٹی میں ڈپلومہ اور ڈگری پروگرام بھی کروائیں گے، آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے اورنگی ٹاؤن میں معززین علاقہ سے ملاقاتیں کیں، صابری چوک،10نمبر اور 14نمبر میں کارنر میٹنگوں سے خطاب بھی کیا جبکہ منگھو پیر میں الیکشن آفس کا افتتاح اور کارنر میٹنگ سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی و امیدوار این اے 245اسحاق خان، امیر جماعت اسلامی ضلع غربی و امیدوار پی ایس 121 مدثر حسین انصاری،سکریٹری ضلع و امیدوا پی ایس 119 عبد الحنان،امیدوار پی ایس 118عبد المجید خاصخیلی،امیدوار پی ایس 120 نذر محمد برکی،نائب امیر ضلع غربی خالد زمان، ڈائریکٹر بنو قابل فاروق کاملانی ودیگر بھی موجود تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں