پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' کے سائبر نیٹ ورک کا پردہ فاش
شیئر کریں
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے ایک خفیہ سائبر نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے ایک خفیہ اطلاع پر وسطی کراچی کی رضویہ سوسائٹی میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جس نے اپنی شناخت سفیان نقوی کے نام سے کی ہے۔ اگرچہ سفیان نقوی نے خود کو بے گناہ قراردیتے ہوئے کہا کہ وہ مالدیپ کی ایک کمپنی کے لیے صرف فری لانس پروجیکٹ کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کر رہاہے لیکن ان کے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور موبائل فون میں موجود مواد سے معلوم ہوا کہ وہ پاکستان مخالف سائبر نیٹ ورک چلانے کے لیے” را” کے لیے کام کر رہاتھا۔”را” کے لیے کام کرنے والی ایک خاتون بھارتی ایجنٹ سفیان نقوی کو برطانیہ کے موبائل نمبر کے ذریعے مختلف کام سونپتی تھی۔ ان کی روزانہ کی ذمہ داریوں میں پاک فوج اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے خلاف نفرت پھیلانا شامل تھا۔سفیان نقوی ہرماہ را کے ایجنٹ سے 30ہزار سے 50ہزار روپے وصول کرتا تھا۔حکام نے ضبط شدہ سامان کو فرانزک معائنے کے لیے بھیج دیا ہے اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو کیس کی مزید تفتیش کرنے اور مرکزی ملزم سے منسلک تمام مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔