ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی چہلم شہداء کربلا عقیدت و احترام سے منایا گیا
شیئر کریں
کرا چی/ اسلا م آ با د(اسٹاف رپورٹر/ بیورورپورٹ)ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا اور سلسلے میں مختلف شہروں سے جلوس بھی برآمد ہوئے، شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے اور مقررہ راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا، کراچی اور پشاور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندیتھی، جبکہ شہر قائد میں صبح 10سے رات 10بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہی، کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔ راولپنڈی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلے سے برآمد ہوا، جلوس کی قیادت سید حامد علی شاہ موسوی نے کی، مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے گزرتا ہوا کالج روڈ پہنچا،پشاور میں شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں 3جلوس برآمد ہوئے، پہلا جلوس دوپہر ایک بجے امام بارگاہ اخوندآباد چرچ روڈ سے برآمد ہوا،جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ کربلا کوچہ رسالدار اور تیسرا جلوس دوپہر 2بجے مرکزی شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار سے برآمد ہوا،کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا، جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا، جبکہ جلوس کے راستوں پر سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئیتھے۔دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر موبائل فون سروس معطل کردی گئی جن شہروں میں موبائل سروس معطل کی گئی ان میں کوئٹہ راولپنڈی کراچی شامل ہیں۔ موبائل فون سروس کی بندش سے شہریوں کا مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا جس سے انہیں رابطوں میں پریشانی کا سامنا رہا،حضرت امام حسین اوران کے جانثاروں کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، مرکزی جلوسوں کے روٹس پر پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات رہی، جبکہ راستے کنٹینرزلگا کربند کیے گئے۔


