معروف کامیڈین اللہ رکھا انتقال کر گئے
شیئر کریں
اللہ رکھا کو ریکارڈنگ کے دوران دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا
پاکستان کے معروف مزاحیہ فنکار اور اسٹیج اداکار اللہ رکھا جو اپنے اسٹیج نام پیپسی اور پانی پوری سے شہرت رکھتے تھے، 50 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی تصدیق ساتھی اداکار و میزبان محسن عباس حیدر نے بذریعہ انسٹا اسٹوری کی۔ محسن عباس حیدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ رکھا کو ریکارڈنگ کے دوران دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
ان کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔ اللہ رکھا پیپسی اپنی ون مین کامیڈی پرفارمنس، اسٹیج شوز اور پیروڈی اداکاری کے باعث شائقین میں بے حد مقبول تھے۔
انہوں نے عالمی پاپ آئیکون مائیکل جیکسن کی منفرد انداز میں نقل کر کے خاص شہرت حاصل کی تھی، جس کے باعث مداح انہیں محبت سے پاکستان کا مائیکل جیکسن بھی کہتے تھے۔اللہ رکھا کے اچانک انتقال کی خبر نے ساتھی فنکاروں، مداحوں اور شوبز انڈسٹری کو گہرے صدمے اور غم میں مبتلا کر دیا ہے۔


