آزاد کشمیر حساس مقامات پر 2ماہ کیلئے آٹا ذخیرہ آپریشن
شیئر کریں
انتظامیہ نے پورے ایل او سی بیلٹ میں اسٹاک دستیابی یقینی بنانے پر کام شروع کردیا
محکمہ خوراک ہنگامی حالات میں خصوصی طور پر تیار گندم کے آٹے کا ذخیرہ کرتا ہے
آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ خوراک نے بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سرحد پار سے ممکنہ دراندازی کے خدشے کے پیش نظر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے حساس علاقوں میں گندم کے آٹے کے ذخائر کو بھرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے ایل او سی سے متصل، برف سے ڈھکے ہوئے اور دور افتادہ علاقوں میں محکمہ خوراک روایتی طور پر خصوصی طور پر تیار کردہ گندم کے آٹے کا ذخیرہ کرتا ہے، جس کی شیلف لائف طویل ہوتی ہے، تاکہ مقامی آبادی کو دسمبر سے مئی تک کی ضروریات میسر رہیں، جب کہ نسبتاً محفوظ علاقوں میں آسان رسائی کی وجہ سے معمول کا ذخیرہ 15 دن کی فراہمی تک محدود ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی تازہ ہدایات پر محکمہ نے کم از کم 2 ماہ کے لیے رہائشیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دور افتادہ مقامات پر ذخائر میں اضافہ شروع کیا ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق ہم نے پورے ایل او سی بیلٹ میں 2 ماہ تک گندم کے آٹے کا اسٹاک دستیاب یقینی بنانے کے لیے بھرپور آپریشن شروع کیا ہے۔


